برطرفی سے پہلے کے خطرے کا اندازہ/ پری ریموول رسک اسیسمنٹ (PRRA)

اگر آپ کو کینیڈا سے نکالا جانے والا ہے، تو آپ برطرفی سے پہلے کے خطرے کے اندازے (PRRA) کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ PRRA ایک ایسی درخواست ہے جہاں آپ کسی ایسے ملک میں واپس بھیجے جانے سے تحفظ کی درخواست کرتے ہیں جہاں آپ کو ظلم و ستم، تشدد، یا سفّاکانہ سلوک یا سزا کا خطرہ ہو۔ یہ ویسا ہی ہے جیسے کہ IRB آپ کے پناہ گزینی کے دعوے کا فیصلہ کرتے وقت دیکھتا ہے۔ ایک فرق یہ ہے کہ IRB PRRA کے عمل میں شامل نہیں ہوتا۔ CBSA آپ کو PRRA کے لیے درخواست دینے کے لیے مدعو کرے گا، اور IRCC آپ کی PRRA درخواست پر فیصلہ کرے گا۔

جب آپ کا پناہ گزینی کا دعوی IRB کی طرف سے مسترد ہو جائے، یا اگر آپ اپنا دعویٰ ترک کر دیں یا واپس لے لیں تو ہو سکتا ہے کہ آپ کو ‎ PRRAکی درخواست دینے کے لیۓ کہا جا سکتا ہے۔

کون درخواست دے سکتا ہے؟

CBSA آپ کو بتائے گا کہ کیا آپ PRRA کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ آپ خود سے درخواست دینے کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔ CBSA آپ کو "PRRA کے حوالے سے ایک اطلاع” فراہم کرے گا۔ اس اطلاع میں آپ کے PRRA کو مکمل کرنے کے حق اور مکمل کرنے کی آخری تاریخ کی وضاحت ہوگی۔ اس نوٹس کو غور سے پڑھیں۔  

کینیڈا میں مقیم رہنا

آپ سوچ ہے ہوں گے کہ جب آپ کی PRRA درخواست کا فیصلہ ہو رہا ہو تو کیا آپ کینیڈا میں مقیم رہ سکتے ہیں

اگر یہ آپ کی پہلی PRRA درخواست ہے، تو آپ کو کینیڈا میں مقیم رہنے کی اجازت دی جائے گی جب تک کہ آپ کی PRRA درخواست پر فیصلہ ہو رہا ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ آپ کینیڈا میں مقیم رہ سکتے ہیں، "PRRA کے حوالے سے اطلاع” میں دی گئی آخری تاریخ کے بارے میں محتاط رہیں۔

آپ کو کینیڈا میں مقیم رہنے کی اجازت نہیں ہوگی اگر:

  • آپ نے PRRA کی درخواست کی آخری تاریخ مِس کر دی
  • یہ آپ کی پہلی PRRA کی درخواست نہیں ہے
  • آپ راخلے کی گزر گاہ/ پورٹ آف انٹری (POE) سے PRRA کے لیے درخواست دے رہے ہیں

درخواست دینے کا طریقہ

CBSA آپ کو ایک درخواست فارم اور ہدایات گائیڈ دے گا۔ پری-ریموول رسک اسیسمنٹ (برطرفی سے پہلے کے خطرے کا اندازہ) فارم کے لیے درخواست پُر کریں۔کینیڈا میں موجود خاندان کے ہر فرد، جس کی عمر 18سال یا اس سے زیادہ ہے، کو اپنا فارم خود پُر کرنا چاہیے۔

اپنے "PRRA کے حوالے سے اطلاع” پر اس درخواست فارم کی آخری تاریخ چیک کریں۔ عام طور پر نوٹیفکیشن فارم موصول ہونے کے 15 دنوں کے اندر آپ کو یہ فارم IRCC کو بھیج دینا چاہیے۔

اگلا مرحلہ تحریری دستاویزات (گزارشات) تیار کرنا اور جمع کروانا ہے جو آپ کی صورتحال کو بیان کرتی ہیں۔ یہ آپ کے لیے وضاحت کا موقع ہے کہ آپ کیوں سمجھتے ہیں کہ اگر آپ کو آپ کے ملک واپس بھیج دیا گیا تو آپ کو خطرہ لاحق ہو گا۔ آپ کو چاہیۓ کہ ان دستاویزات کو PRRA اطلاع فارم موصول ہونے کے 30 دنوں کے اندر IRCC کو بھیج دیں۔

ان گذارشات میں، یہ ضروری ہے کہ آپ مندرجہ ذیل سوالات کے واضح جواب دیں:

  • اگر مجھے ملک واپس بھیج دیا گیا تو مجھے خطرہ کیوں ہوگا؟
  • مجھے کس قسم کے خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا اور کیوں؟
  • یہ خطرات ذاتی طور پر مجھ سے کیسے منسلک ہیں؟
  • کیا میں ملک کے دوسرے حصے میں جا سکتا ہوں؟
  • کیا ملک میں باقی سب کو یکساں خطرہ ہے؟

آپ اپنی گذارشات کی تائید کے لیے شواہد شامل کر سکتے ہیں۔ یہ وہ دستاویزات ہیں جو ظاہر کرتی ہیں کہ آپ کو اپنے ملک میں خطرہ لاحق ہے۔ کچھ مثالیں یہ ہیں:

  • اخبارات کے مضامین جو آپ کے ملک کی صورتحال کو بیان کرتے ہیں
  • قانونی دستاویزات
  • پولیس دستاویزات
  • طبی دستاویزات
  • تحریری شہادتیں
  • ذاتی خطوط

اگر آپ کا پناہ گزینی کا دعویٰ یا PRRA کی سابقہ ​​درخواست مسترد کر دی گئی تھی، تو آپ کو وہ شواہد شامل کرنے کی اجازت نہیں ہے جو آپ اپنے پناہ گزینی کے دعوے کی تائید کے لیے پہلے ہی جمع کرا چکے ہیں۔ آپ کو صرف نئے شواہد دینے کی اجازت ہے۔ یہ وہ شواہد ہیں جو آپ کو مسترد ہونے کے بعد ملے، یا یہ کہ پہلے کسی حقیقی وجہ سے حاصل نہیں کر سکے۔

اپنی درخواست اور دستاویزات جمع کروائیں

اپنا مکمل شدہ PRRA درخواست فارم، تحریری دستاویزات (گزارشات) اور شواہد بذریعہ ڈاک IRCC آفس میں اپنے "PRRA کے حوالے سے اطلاع” پر جمع کروائیں۔ آپ اپنی PRRA درخواست کینیڈا پوسٹ کی کنیکٹ سروس کے ذریعے بھی جمع کرا سکتے ہیں۔ اس نوٹس میں دی گئ آخری تاریخ پر پوری توجہ دیں۔

درخواست دینے کے بعد

IRCC آپ کی PRRA درخواست کو دیکھے گا اور فیصلہ کرے گا۔

عام طور پر IRCC آپ کے فراہم کردہ درخواست فارم اور دستاویزات کو دیکھ کر فیصلہ کر دیتا ہے۔ بعض اوقات ایسا ہو سکتا ہے کہ IRCC کے پاس آپ سے پوچھنے کے لیے کوئی سوالات ہوں تو وہ آپ کو سماعت میں آنے کے لیے کہہ سکتے ہیں ۔ اگر آپ کو سماعت میں شرکت کرنے کی ضرورت ہے تو IRCC آپ کو وقت، تاریخ، مقام اور جن مسائل پر وہ بات کرنا چاہتے ہیں، ان کے ساتھ ایک نوٹس بھیجے گا ۔

آپ کی درخواست قبول کر لی گئی ہے

اگر آپ کی PRRA درخواست قبول کر لی جاتی ہے، تو آپ عام طور پر ایک محفوظ شخص بن جاتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ مستقل رہائش کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

آپ کی درخواست قبول نہیں کی گئی

اگر آپ کی PRRA کی درخواست مسترد ہو جاتی ہے، تو آپ کو کینیڈا چھوڑ دینا چاہیے۔

آپ عدالتی نظرثانی کے لیے فیڈرل کورٹ آف کینیڈا میں درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے باوجود آپ کو کینیڈا چھوڑنا ہو گا سواے اس کے کہ اپ کو برطرفی کا انتظامی سٹے(معطلی) حاصل ہو یا آپ عدالت سے برطرفی کا عارضی سٹے مانگ لیں۔