اگر آپ کو حراست میں لیا گیا ہے
کینیڈا میں پناہ گزینی کے تحفظ کے خواہشمند زیادہ تر افراد کو حراست میں نہیں لیا جاتا (حراست میں رکھا جاتا) ہے۔ اگر آپ کو حراست میں لیا گیا ہے تو سمجھیں کہ ایسا کیوں ہوا ہے۔ جانیں کہ آپ کو کہاں اور کب حراست میں لیا جا سکتا ہے۔ حراست میں پناہ گزینی کا دعوی کرنے کا طریقہ کار سمجھیں۔
حراست کے بارے میں جانیں
زیادہ تر پناہ گزینی کے دعویدار اپنے پناہ گزینی کے دعوے کے پورے عمل کے دوران کینیڈا میں آزادانہ طور پر رہتے ہیں۔ صرف انکی ایک مختصر تعداد کو گرفتار کیا جاتا ہے اور حراست میں لیا جاتا ہے (حراست میں رکھا جاتا ہے)
اگر کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی (CBSA) آپ کو حراست میں لیتی ہے، تو وہ آپ کو اس کی وجہ بتائیں گے۔ زیادہ تر پناہ گزینی کے دعویدار جنہیں حراست میں لیا جاتا ہے بعد میں رہا کر دیے جاتے ہیں۔
CBSA آپ کو حراست میں کیوں لے سکتا ہے
یہ جاننا ضروری ہے کہ آپ کو حراست میں کیوں لیا جا سکتا ہے۔ ان وجوہات میں شامل ہیں:
پرواز کا خطرہ
CBSA کو خدشات لاحق ہو سکتے ہیں کہ آپ اپنی برطرفی یا امیگریشن کی کارروائی کے لیے پیش نہیں ہوں گے، خاص طور پر اگر آپ ماضی میں بھی امیگریشن قوانین پر عمل پیرا نہیں رہے (کینیڈا یا کسی دوسرے ملک میں)۔
شناخت
CBSA کے آپ کے بارے میں سوالات ہوسکتے ہیں کہ آپ جو کہتے ہیں وہ ہیں یا نہیں۔ ایسا ہو سکتا ہے اگر آپ کے پاس اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے دستاویزات نہیں ہیں۔ ایسا بھی ہو سکتا ہے اگر CBSA کو یقین ہو کہ آپ کے پاس غلط دستاویزات ہیں یا وہ آپ کے بارے میں فراہم کردہ معلومات پر یقین نہیں کرتے ہیں یا یہ کہ آپ نے کینیڈا کا سفر کیسے کیا ہے۔
CBSA آپ سے اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے ثبوت طلب کرے گا۔ بعض اوقات وہ آپ کے سوشل میڈیا، ویزا درخواستوں، یا دوسرے ممالک سے لی گئی معلومات کا جائزہ لے گآ۔
عوام کے لیے خطرہ
CBSA یقین کر سکتا ہے کہ آپ کینیڈا میں لوگوں کے لیے ایک خطرہ ہیں
سیکورٹی
CBSA سوچ سکتا ہے کہ آپ کو حفاظتی وجوہات یا مجرمانہ رویے کی وجہ سے کینیڈا میں رہنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ جب تک وہ مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ آپ کو حراست میں لے سکتے ہیں۔ اگر انہیں اپنے خدشات کی حمایت میں ثبوت ملتے ہیں، تو وہ IRB-ID سے یہ فیصلہ کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں کہ آیا آپ کو کینیڈا میں رہنے کی اجازت ہے۔
آپ کو حراست میں کب لیا جا سکتا ہے
آپ کو قانونی بارڈر کراسنگ، غیر سرکاری بارڈر کراسنگ، ہوائی اڈے، بندرگاہ، یا کینیڈا کے اندر حراست میں لیا جا سکتا ہے۔
زیادہ تر معاملات میں، حراست پناہ گزینی کے دعوے کے طریقہ کار کے شروع میں ہی ہوتی ہے۔ آپ کو اس وقت بھی حراست میں لیا جا سکتا ہے جب آپ پہلے سے کینیڈا میں ہوں یا امیگریشن حکام کے ساتھ انٹرویو کے دوران بھی۔
آپ کو کہاں رکھا جا سکتا ہے
اگر کوئی CBSA افسر آپ کو گرفتار کرتا ہے، تو آپ کو CBSA امیگریشن ہولڈنگ سنٹر میں رکھا جا سکتا ہے۔ یہ یہاں واقع ہیں:
- ٹورنٹو، اونٹاریو
- لاوال، کیوبیک (مونٹریال کے قریب)
- سرے، برٹش کولمبیا (وینکوور کے قریب)
جہاں آپ رہتے ہیں اگر وہاں کوئی امیگریشن ہولڈنگ سینٹر نہیں ہے، یا اگر CBSA کو یقین ہے کہ آپ دوسروں کے لیے یا اپنے لیے خطرہ ہیں تو آپ کو جیل میں رکھا جا سکتا ہے۔
جہاں آپ کو حراست میں رکھا گیا ہے اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا آپ کے علاقے میں امیگریشن ہولڈنگ سنٹر موجود ہے اور اس میں جگہ دستیاب ہے، اور CBSA کے مطابق آپ سے کس سطح کا خطرہ لاحق ہے۔ ایک حراستی رابطہ افسر یا اندرون ملک عمل درآمد کروانے والا افسر آپ کو بتا سکتا ہے کہ اگر آپ حالات کے بارے میں فکر مند ہیں تو کس سے رابطہ کریں۔
شرائط کے ساتھ رہائی
اگر آپ حراست میں ہیں، اور اگر آپ کچھ شرائط پر مان جایئں تو CBSA آپ کو رہا کر سکتا ہے
مثال کے طور پر، اگر وہ سمجھتے ہیں کہ آپ کے فرار ہونے کا خطرہ ہے، تو آپ اس بات پر مان جایئں کہ آپ:
- CBSA کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں گے،
- کسی ایک خاص جگہ پر رہیں گے، یا
- کسی دوسرے شخص (جیسے خاندان کے کسی فرد) سے نقد رقم یا گارنٹی حاصل کریں گے
آپ کو کتنی دیر تک حراست میں رکھا جا سکتا ہے
آپ کو کتنی دیر تک حراست میں رکھا جا سکتا ہے اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ وہاں کیوں ہیں۔ مثال کے طور پر، IRB-ID آپ کو رہا کر سکتا ہے اگر آپ کچھ شرائط پر عمل کرتے ہیں یا اگر 18 سال سے کم عمر کے بچے شامل ہیں۔
اگر آپ کو حراست میں لیا گیا ہے، تو یہ دیکھنے کے لیے کہ آیا آپ کو رہا کیا جا سکتا ہے، مقررہ اوقات پر حراست کے جائزے کی سماعتیں ہوں گی۔ حراست پر نظرثانی کی پہلی سماعت 48 گھنٹے کے بعد ہوتی ہے۔ اگر آپ کو رہا نہیں کیا جاتا تو 7دن کے اندر آپ کی ایک اور سماعت ہوگی۔ اگر آپ کو مسلسل حراست میں رکھا جاتا ہے، تو اس کے بعد کم از کم ہر 30 دن بعد آپ کی سماعت ہوگی۔
بعض اوقات آپ کو رہائی کے لیے حراست کا متبادل/ الٹرنیٹیو ٹو ڈیٹینشن (ATD) دینے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ATD کی ایک مثال کسی ایسے دوست کے ساتھ رہنا ہو سکتا ہے جو آپ کی نگرانی کر سکے اور آپ کی رہائی کی شرائط پر عمل کرنے میں آپ کی مدد کر سکے۔
فی الحال اس وقت کی کوئی مقررہ حد نہیں ہے کہ آپ کو کینیڈا میں کتنی دیر تک حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔
حراستی عمل
حراست کا طریقہ کار
حراستی نظرثانی کی سماعت
آپ کی حراست کے دوران آپ کی حراستی نظرثانی کی باقاعدہ سماعتیں ہوں گی۔ IRB-ID کے ساتھ آپ کی پہلی حراستی نظرثانی کی سماعت آپ کی گرفتاری کے 48 گھنٹے بعد یا جتنی جلدی ممکن ہوسکے ہو گی.
حراستی جائزہ کی سماعت میں، CBSA کا نمائندہ بتاتا ہے کہ آپ کو کیوں حراست میں لیا گیا ہے اور ثبوت پیش کرتا ہے۔ وہ بحث کر سکتے ہیں کہ آپ کو حراست میں رہنا چاہیے یا آپ کی رہائی کی سفارش کرسکتے ہیں۔ IRB-ID کا ایک رکن آپ کی صورت حال پر غور کر کے فیصلہ کرتا ہے کہ آیا آپ کو حراست میں رہنا چاہیے، یا شرائط کے ساتھ یا ان کے بغیر رہا کیا جانا چاہیے۔
یہ فیصلہ کرنے کے لیے ممبر زیر غور لاتا ہے:
- حراست کی وجوہات
- حراست کا دورانیہ
- تاخیر یا مسائل جو CBSA یا آپ کی وجہ سے ہیں
- حراست کے ممکنہ متبادل
- اس میں شامل 18 سال سے کم عمر کے بچوں کے ( جو شامل ہیں) بہترین مفادات
- حراست کی شرائط
CBSA کے نمائندے اور IRB-ID کے رکن کے علاوہ، دوسرے لوگ آپ کی سماعت میں شرکت کر سکتے ہیں، بشمول:
- آپ اور خاندان کے کوئی فرد، اگر وہ بھی حراست میں ہیں
- ایک مترجم، اگر آپ کو ضرورت ہو تو
- آپ کا قانونی نمائندہ، اگر کوئی ہو تو
- گواہ یا آپ کی سماعت کے مبصرین، اگر انہیں اجازت ہو تو
زیادہ تر IRB سماعتیں ورچوئل ہوتی ہیں۔ تاہم، آپ کی سماعت ذاتی طور پر کرنے کی درخواست کی جا سکتی ہے۔
حراست کے متبادل
حراستی نظرثانی کی سماعت میں آپ یا آپ کا قانونی نمائندہ حراست کا متبادل (ATD) تجویز کر سکتا ہے۔ ATD کچھ شرائط کے ساتھ رہائی کا منصوبہ ہے جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔ ATDs کی کچھ مثالیں شامل ہیں:
- CBSA کو پتہ فراہم کرنا جہاں آپ رہ رہے ہوں گے
- CBSA کو باقاعدگی سے رپورٹ کرنا
- کرفیو کا پابند رهنا
- کسی ایک مخصوص شخص کے ساتھ رہنا
- شراب نوشی یا منشیات کے استعمال سے گریز کرنا
ممبر فیصلہ کرے گا کہ آیا شرائط ضروری ہیں اور شرائط کیا ہوں گی۔
اگر حراست سے باہر آپ کے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں ہے تو اپنے لیے دستیاب عارضی رہائش کے اختیارات کے بارے میں پوچھیں۔ کینیڈا میں پناہ گزینی کے دعویداروں کے لیے کچھ عارضی رہائشیں دستیاب ہیں۔ آپ ان پناہ گاہوں کے بارے میں اپنے قانونی نمائندے سے، کسی سیٹلمنٹ یا کمیونٹی ورکر سے، یا کبھی کبھار CBSA سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر حراست جاری رہی
اگر IRB-ID ممبر آپ کو حراست میں رکھنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو 7 دن کے اندر آپ کی حراستی نظرثانی کی ایک اور سماعت ہوگی۔ اس کے بعد، آپ کی رہائی تک ہر 30 دن بعد حراستی نظرثانی کی سماعت ہوگی۔
اگر IRB-ID ممبر فیصلہ کرتا ہے کہ آپ کو بد ستور حراست میں رکھا جانا چاہیے، تو سات دن کے اندر آپ کی ایک اور سماعت ہوگی۔ اگر آپ کو اس دوسری سماعت پر بھی حراست کا حکم دیا جاتا ہے، تو اس کے بعد سے کم از کم ہر 30 دن بعد آپ کی سماعت ہوگی۔
اگر آپ کو رہا کر دیا جائے
اگر IRB-ID ممبر آپ کی رہائی کا حکم دیتا ہے، تو آپ کو بتایا جائے گا کہ کیا کچھ شرائط ہیں جن پر عمل کرنا ہے۔ ان شرائط کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ آپ کو ان شرائط پر لازماً عمل کرنا ہے جب تک کہ CBSA کہے کہ آپ کو ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، یا جب تک IRB-ID یا CBSA ان کو تبدیل کرنے پر راضی نہ ہوں۔
حراست میں
قانونی نمائندگی حاصل کریں
اگر آپ کو حراست میں لیا گیا ہے، تو قانونی نمائندے سے بات کرانے کی درخواست کریں۔ کینیڈا میں آپ کہاں ہیں, اس پر منحصر ہے کہ:
- آپ اپنی سماعتوں پر ڈیوٹی کونسل (وکیل یا پیرا لیگل) سے مفت قانونی نمائندگی حاصل کر سکتے ہیں
- آپ صوبائی قانونی امداد کے پروگرام کے ذریعے قانونی نمائندہ حاصل کر سکتے ہیں,اگر آپ اہل ہیں تو
- آپ نجی وکیل یا امیگریشن کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں
اگر آپ کے پاس قانونی نمائندگی نہیں ہے تو آپ بلا معاوضہ نمائندہ رکھنے کا انتخاب کر سکتے ہیں، جیسے کہ خاندان کا کوئی فرد، یا آپ اپنی نمائندگی خود کر سکتے ہیں۔
لوگوں سے رابطہ کرنا
ان لوگوں سے بات کرنا مشکل ہو سکتا ہے جو امیگریشن ہولڈنگ سینٹر یا جیل سے باہر ہیں جہاں آپ کو حراست میں رکھا گیا ہے۔
امیگریشن ہولڈنگ مراکز میں، آپ انٹرنیٹ یا اپنا موبائل فون استعمال نہیں کر سکتے جب تک کہ CBSA آپ کو اجازت نہ دے۔ آپ کینیڈا میں مفت کال کر سکتے ہیں۔ کسی دوسرے ملک میں کال کرنے کے لیے آپ کو پری پیڈ انٹرنیشنل کالنگ کارڈ کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
آپ کس جیل میں ہیں, اس پر منحصر ہے کہ جیل کے اندر آپ کو فون استعمال کرنے میں پریشانی ہو سکتی ہے ۔
معلومات حاصل کریں
آگے کے اقدامات کے بارے میں مزید معلومات کے لیے آپ CBSA افسر سے بات کرنے کی گزارش کر سکتے ہیں۔ آپ کا قانونی نمائندہ بھی آپ کو اہم معلومات دے سکتا ہے۔
ایسی غیر سرکاری تنظیمیں (این جی او) ہیں جو زیر حراست لوگوں کی مدد کرتی ہیں۔ وہ آپ سے ملنے اور آپ کی صورتحال کے بارے میں معلومات دے سکتی ہیں۔ CBSA افسر یا اپنے قانونی نمائندے سے پوچھیں کہ کیا آپ کسی NGO بات کر سکتے ہیں۔
ملاقاتی
ہو سکتا ہے کہ آپ دوستوں، خاندان کے افراد، یا دوسروں سے مل سکیں۔ ملاقات کے اوقات اور حالات مختلف ہوں گے۔
حفاظتی اقدامات
ہولڈنگ سینٹرز اور جیلوں میں سیکیورٹی گارڈز کا عملہ ہوتا ہے جو قوانین کو نافذ کرتے ہیں اور آپ کی نگرانی کرتے ہیں۔
حراست میں لیا جانا بہت مشکل تجربہ ہو سکتا ہے۔ یہ ایک جیل کی طرح لگے گا اور آپ کو بنیادی آزادی نہیں ملے گی۔ ہتھکڑیاں، بیڑیاں، اور دیگر پابندیاں اس وقت استعمال کی جا سکتی ہیں جب آپ مرکز سے باہر ہوں (مثال کے طور پر، باہر میڈیکل اپائنٹمنٹ کے لیے)۔
بچے
اگر آپ اپنے بچوں کے ساتھ کینیڈا میں ہیں، تو انہیں آپ کے ساتھ کسی مرکز میں رکھا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اپنے بچوں یا خاندان کے دیگر افراد سے الگ ہیں تو اپنے قانونی نمائندے کو بتائیں اور کسی NGO سے مدد لیں۔
شکایت درج کرایں
اگر آپ کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کے بارے میں کوئی شکایت ہے، تو آپ CBSA سے کر سکتے ہیں۔ آپ کی کوئی بھی بات چیت آپ کی سماعتوں پر زیر بحث آ سکتی ہے۔ قانونی مشورہ لینا یا کسی NGO سے معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔
آپ کے حقوق
جب آپ حراست میں ہوں، تو آپ کو یہ حق حاصل ہے کہ:
- بتایا جائے کہ آپ کو کیوں حراست میں لیا گیا ہے
- CBSA افسر تک رسائی حاصل ہو
- اگر آپ انگریزی یا فرانسیسی سمجھتے یا بولتے نہیں ہیں تو مترجم حاصل کر سکیں
- طبی معائنہ حاصل کر سکیں
- اپنے مذہب پر عمل کر سکیں
- اپنے کاموں کے لیے ایک قانونی نمائندے کی خدمات حاصل کر سکیں
- اگر آپ اہل ہیں تو قانونی مدد حاصل کر سکیں۔ آپ کو قانونی امداد کی خدمات کے بارے میں بتایا جائے گا۔ آپ کسی دوست یا کسی تنظیم کے رکن سے بغیر فیس کے بھی اپنی نمائندگی کرا سکتے ہیں۔
- اپنے ملک کے سفارت خانے یا قونصل خانے سے رابطہ کریں۔ اگر آپ پناہ گزینی کا دعویٰ کر رہے ہیں، تو آپ کو پہلے قانونی مشورہ لیے بغیر ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ آپ کینیڈا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (UNHCR) سے رابطہ کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔
- ایسی NGO سے رابطہ کریں جو آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔
حراست میں پناہ گزینی کا دعوی کرنا
اپنا پناہ گزینی کا دعوی کیسے شروع کرنا ہے
اگر آپ حراست میں رہتے ہوئے پناہ گزینی کا دعویٰ کرنا چاہتے ہیں تو CBSA کو جلد از جلد بتائیں۔
اگر آپ حراست میں رہتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں، تو CBSA آپ کو بتائے گا کہ دعوے کا طریقہ کار کیسے مکمل کیا جائے۔
ٹائم لائنز اور آپ کا BOC فارم
آپ کو ابھی بھی پناہ گزینی کے دعوے کے طریقہ کار کے لیے ہر طرح کی ڈیڈلایئنز پر پورا اترنا ہوگا۔ اس میں BOC فارم شامل ہے۔ اگر آپ کو حراست میں رہتے ہوئے BOC فارم ملتا ہے، تو آپ کو ہر آخری تاریخ کا احترام کرتے ہوئے جلد از جلد فارم پورا کرنا ہوگا۔
کسی قانونی نمائندے سے یہ پوچھنا ضروری ہے کہ آیا وہ آپ کے BOC فارم مکمل کرنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ اگر آپ کے پاس قانونی نمائندہ نہیں ہے، تو CBSA سے کہیں کہ وہ آپ کا فارم IRB-RPD کو بھیج دے۔
اگر آپ کے لیے حراست میں رہتے ہوئے BOC فارم مکمل کرنا مشکل تھا، تو دستاویز پر اس کی وضاحت کریں۔ مثال کے طور پر آپ کہہ سکتے ہیں:
- آپ کے پاس کوئی قانونی نمائندہ نہیں تھا (اگر آپ کو نہیں مل سکا)
- مترجم یا ترجمان حاصل کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں تھا
- آپ کو کسی بھی دوسری پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ آپ حراست میں تھے
آپ کی پناہ گزینی کی سماعت
اگر آپ پناہ گزینی کا دعویٰ دائر کرنے کے بعد بھی حراست میں رہتے ہیں، تو IRB-RPD آپ کے دعوے پر تیزی سے کارروائی کرے گا۔ وہ معمول سے کم وقت میں سماعت کا وقت مقرر کریں گے۔ اگر حراست میں رہتے ہوئے آپ کی سماعت ہوتی ہے، اور آپ کا کوئی قانونی نمائندہ نہیں ہے، تو یہ ضروری ہے کہ کسی NGO سے مدد طلب کریں۔
جب آپ رہا ہو جاتے ہیں، تو آپ کو اپنا پتہ IRB-RPD کو دینا چاہیے۔ یہ اہم ہے کیونکہ آپ اپنے دعوے یا سماعت کی تاریخ کے بارے میں اہم معلومات سے محروم نہیں ہونا چاہتے ہیں، اگر یہ ابھی تک آپ کو نہیں ملیں۔
آگاہ رہیں، اگر آپ کو شناخت کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا، تو آپ کے پناہ گزینی کے دعوے کی سماعت کے دوران آپ سے اس بارے میں پوچھا جا سکتا ہے۔ CBSA اپنے خدشات کی وضاحت کے لیے آپ کی سماعت پر آ سکتا ہے۔ اپنے قانونی نمائندے سے لا زماً پو چھیں کہ اگر ایسا ہو تو کیا کرنا چاہیے۔