اپنا پناہ گزینی کا دعویٰ شروع کریں
پناہ گزینی کے تحفظ کے لیے اپنا دعویٰ کرنے کا طریقہ جانیں۔ اہم اقدامات کو سمجھیں۔ داخلے کے مقام (ایئرپورٹ، بندرگاہ، سرحدی) پر یا کینیڈا کے اندر سے (اندرون ملک) اپنا پناہ گزینی کا دعوی کرنے کے بیچ فرق جانیں
اپنا پناہ کا دعوی شروع کریں
کینیڈا میں تحفظ حاصل کرنے کا عمل شروع کرنے کے لیے، آپ سرکاری پناہ گزینی کا دعویٰ کرتے ہیں
پناہ گزینی کا دعوی شروع کرنے کے دو طریقے ہیں:
- ذاتی طور پر جب آپ ہوائی اڈے یا زمینی سرحد پر پہنچتے ہیں۔ یہ ایک "داخلے کے مقام” کا دعوی ہے
- جب آپ پہلے ہی کینیڈا کے اندر ہیں۔ یہ ایک "اندرون ملک” دعویٰ ہے
دونوں میں سے جو بھی ہو، آپ کی پناہ گزینی کی سماعت ہوگی۔ پھر امیگریشن اینڈ ریفیوجی بورڈ آف کینیڈا – ریفیوجی پروٹیکشن ڈویژن (IRB-RPD) فیصلہ کرتا ہے کہ آیا آپ کو تحفظ دیا جاۓ گا یا نہیں۔
تیسرا محفوظ ملک معاہدہ
اگر آپ امریکہ سے کینیڈا میں داخل ہوتے ہیں، تو کینیڈا اور امریکہ کے درمیان ایک معاہدہ، جسے تیسرا محفوظ ملک معاہدہ (STCA) کہتے ہیں، پناہ گزینی کا تحفظ مانگنا مشکل بنا دیتا ہے۔ معاہدہ کے مطابق جس پہلے محفوظ ملک میں میں آپ داخل ہوں وہیں اپنا پناہ گزینی کا دعویٰ کریں ۔ اگر STCA آپ پر لاگو ہوتا ہے، تو آپ کو کہا جا سکتا ہے کہ آپ کینیڈا میں پناہ گزینی کا دعویٰ نہیں کر سکتے۔
اگر آپ کینیڈا میں داخل ہوتے وقت کینیڈا-امریکہ کی زمینی سرحد پار کرتے ہیں تو STCA آپ کو متاثر کرے گا۔ اگر آپ مریکہ سے ہوائی جہاز کے ذریعے آتے ہیں تو اس کا اطلاق نہیں ہوتا ہے۔
آگاہ رہیں! اگر آپ غیر سرکاری داخلے کی جگہ کے ذریعے کینیڈا میں داخل ہوتے ہیں اور 14 دنوں کے اندر پناہ گزینی کا دعویٰ کرتے ہیں، تو امکان ہے کہ آپ کو امریکہ واپس بھیج دیا جائے گا۔ آپ کو مستقبل میں پناہ گزینی کا دعوی کرنے سے بھی روکا جا سکتا ہے۔
STCA مستثنیات
STCA میں کچھ مستثنیات ہیں۔ آپ کو پناہ گزینی کا دعوی کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے اگر آپ درج ذیل مستثنیات میں سے کسی ایک پر پورا اترتے ہیں:
- آپ کے خاندان کا ایک رکن کینیڈا میں ہے۔
- آپ 19 سال سے کم عمر کے بچے ہیں، اکیلے سفر کر رہے ہیں، اور آپ کے والدین یا قانونی سرپرست امریکہ میں نہیں ہیں۔
- آپ کے پاس کینیڈا کا توثیق شدہ ویزا، یا سٹڈی یا ورک پرمٹ ہے۔
- آپ کو امریکہ یا آپ کے ملک میں مجرمانہ سزائے موت کا سامنا ہے۔
- آپ بے وطن ہیں۔
- آپ امریکہ کے شہری ہیں۔
یہ جاننے کے لیے کہ آیا آپ ان میں سے کسی ایک استثناء کے لیے اہل ہیں یا نہیں ایک سرحدی اہلکار آپ سے سوالات پوچھے گا۔ اگر آپ اہل ہیں، تو آپ کو کینیڈا میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اگر آپ مستثنیات میں سے کسی ایک کے لیے بھی اہل نہیں ہیں تو آپ کو واپس امریکہ بھیجا جا سکتا ہے اور آپ کو کینیڈا چھوڑنا پڑے گا۔ اگر ممکن ہو تو، اپنے وکیل یا قانونی نمائندے سے کینیڈا میں رہنے کی کوشش کرنے کے دوسرے طریقوں کے بارے میں بات کریں۔
داخلے کے مقام پر دعویٰ
اگر آپ داخلے کے سرکاری مقام پر کینیڈا پہنچتے ہیں، تو آپ کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی (CBSA) کے ساتھ پناہ گزینی کا دعویٰ شروع کر سکتے ہیں۔
داخلے کے مقام (POE) یہ ہیں:
- ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ
- ایک سرکاری زمینی سرحد
- ایک بندرگاہ
جس CBSA افسر سے آپ ملیں انہیں بتائیں کہ آپ پناہ گزینی کا دعوی کرنا چاہتے ہیں۔ وہ آپ کے ساتھ دعوے کا طریقہ کار شروع کریں گے۔
داخلے کے مقام پر دعویٰ کرنے کے طریقہ کار کو سمجھیں
جب آپ CBSA افسر کو بتائیں گے کہ آپ پناہ گزینی کا دعویٰ کرنا چاہتے ہیں، تو وہ آپ سے کچھ سوالات پوچھ سکتے ہیں تاکہ یہ فیصلہ کر سکیں کہ آیا آپ کا دعویٰ IRB-RPD کو بھیجنے کے لیے اہل ہے یا نہیں۔
وہ عام طور پر آپ کے ساتھ پناہ گزینی کے دعوے کے فارم بھی مکمل کریں گے، آپ کے شناختی دستاویزات اور/یا پاسپورٹ لیں گے، اور آپ کے فنگر پرنٹس اور تصویر (بائیو میٹرکس) لیں گے۔
اگر CBSA افسر فیصلہ کرتا ہے کہ آپ کا دعویٰ IRB-RPD کو بھیجنے کے لیے اہل ہے تو وہ آپ کو یہ دستاویزات دیں گے:
- ایک پناہ گزینوں کے تحفظ کا شناختی دستاویز (RPID)
- ایک خط جو تصدیق کرتا ہے کہ آپ کا پناہ گزینی کا دعویٰ امیگریشن اینڈ ریفیوجی بورڈ آف کینیڈا (IRB) کو بھیج دیا گیا ہے
- اپنا بنیادی کلیم (BOC) فارم کیسے اور کب جمع کروانا ہے اس بارے میں ہدایات
- اپنے امیگریشن میڈیکل ایگزام (IME) کو کیسے اور کب مکمل کرنا ہے اس بارے میں ہدایات
اگر CBSA افسر آپ کی اہلیت کا تعین نہیں کرتا ہے تو وہ آپ کو کسی اور تاریخ پر اہلیت کے انٹرویو میں شرکت کے بارے میں ہدایات دے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے، تو وہ آپ کو یہ دستاویزات دے گا:
- "دعوے کی رسید” کی دستاویز
- اپنا امیگریشن میڈیکل امتحان (IME) کیسے اور کب مکمل کرنا ہے اس بارے میں ہدایات
- اپنے پناہ گزینی کے کلیم فارم کیسے اور کب مکمل کرنے ہیں اس بارے میں ہدایات – آپ کو IRCC پورٹل کے ذریعے یہ فارم آن لائن مکمل کرنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔
آپ کے اہلیت کے انٹرویو سے واپس آنے کے بعد، اگر آپ کا پناہ گزینی کا دعوی IRB کے حوالے کرنے کا اہل پایا جاتا ہے تو آپ کو پناہ گزینوں کے تحفظ کا شناختی دستاویز (RPID) ، آپ کا پناہ گزینی کا دعوی IRB کو بھیج دیۓ جانے کی تصدیق کرنے والا خط، اور آپ کا BOC فارم جمع کرانے کی ہدایات موصول ہوں گی۔
حراست
جب آپ کینیڈا کے داخلے کی مقام پر پہنچیں گے تو CBSA آپ کو حراست میں لے سکتا ہے (آپ کو حراست میں رکھ سکتا ہے)۔ اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ CBSA کو:
- یقین نہیں ہے کہ آپ کون ہیں
- یقین نہیں آتا کہ آپ مزید سوالات کے لیے واپس آئیں گے
- یقین نہیں ہے کہ آپ پناہ گزینی کا دعویٰ کر سکتے ہیں اور وہ چاہتا ہے کہ آپ ملک چھوڑ دیں
- یقین ہے کہ آپ خطرناک ہیں
- جانتا ہے کہ آپ کا مجرمانہ ریکارڈ ہے
اگر آپ کو حراست میں لیا گیا ہے، تو یہ جاننے کے لیے کہ آیا آپ کو رہا کیا جا سکتا ہے، کسی قانونی نمائندے سے رابطہ کریں۔ آپ قانونی امداد.کے ذریعے مفت یا کم لاگت والے وکیل کے لیے اہل ہو سکتے ہیں۔ حراست کے بارے میں مزید معلومات یہاں حاصل کریں.
اندرون ملک دعوی
اگر آپ کینیڈا میں ہیں، تو آپ IRCC پورٹل نامی ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنا پناہ گزینی کا دعویٰ شروع کرتے ہیں۔
کینیڈا کے اندر دعویٰ کرنے کے عمل کو سمجھیں
آپ کو اپنے پناہ گزینی کا دعویٰ شروع کرنے کے لیے IRCC پورٹل کو مکمل کرنا ہوگا اور ضروری دستاویزات آن لائن جمع کرانا ہوں گی۔
IRCC پورٹل پر اپنی درخواست جمع کروانے کے بعد، آپ کو یہ موصول ہوگا:
- دعوے کی رسید کی دستاویز
- اپنے امیگریشن میڈیکل ایگزام (IME) کو کیسے اور کب مکمل کرنا ہے اس بارے میں ہدایات
ذاتی طور پر بائیو میٹرکس اپائنٹمنٹ اور آپ کی اہلیت کا انٹرویو مکمل کرنے کے لیے IRCC کے ذریعے آپ سے رابطہ کیا جائے گا۔
اگر آپ پناہ گزین کا دعویٰ کرنے کے اہل پائے جاتے ہیں، تو آپ کو ملے گا:
- ایک پناہ گزینوں کے تحفظ کا شناختی دستاویز (RPID)
- ایک خط جو تصدیق کرتا ہے کہ آپ کا پناہ گزینی کا دعویٰ میگریشن اینڈ ریفیوجی بورڈ آف کینیڈا (IRB) کو بھیج دیا گیا ہے
بائیو میٹرکس کی اپائنٹمنٹ
آپ کے انگلیوں کے نشانات اور تصاویر آپ کے پناہ گزینی کے دعوے کے طریقہ کار کے حصے کے طور پر لی جائیں گی۔ یہ آپ کی "بائیو میٹرکس” ہیں۔
داخلے کی گزرگاہ پر CBSA کے ساتھ بایومیٹرکس کی اپائنٹمنٹ
اگر آپ داخلے کی بندرگاہ پر CBSA کے ساتھ اپنے پناہ گزینی کا دعویٰ کرتے ہیں، تو آپ کی بایومیٹرکس فوراً کی جائیں گی۔
CBSA افسر یہ سب لے گا:
- آپ اور آپ کے خاندان کے افراد کے فنگر پرنٹس (14 سال یا اس سے زیادہ عمر کے)
- خاندان کے تمام افراد کی تصاویر (14 سال یا اس سے زیادہ عمر کے)
- تمام پاسپورٹ اور سفری دستاویزات (اور دیگر شناختی دستاویزات جیسے پیدائشی سرٹیفکیٹ اور ڈرائیورز کے لائسنسز)۔ CBSA ان تمام دستاویزات کی تصدیق شدہ کاپیاں آپ کو دے گا جو وہ اپنے پاس رکھے گا۔
اندرون ملک IRCC کے ساتھ بایومیٹرکس اپائنٹمنٹ
اگر آپ IRCC پورٹل کے ذریعے اپنا دعویٰ کرتے ہیں، تو IRCC آپ کو آپ کے بائیو میٹرکس لینے کے لیے اپائنٹمنٹ کی تاریخ بھیجے گا۔ نوٹس پر خاندان کے اُن افراد کے نام ہوں گے جن کو اپائنٹمنٹ میں شرکت کی ضرورت ہے ۔ جب آپ اپنی بایومیٹرکس اپوائنٹمنٹ پر جائیں تو یہ سب ضرور لے جائیں:
- اپنا پاسپورٹ اور سفری دستاویزات (اور دیگر شناختی دستاویزات جیسے پیدائشی سرٹیفکیٹ اور ڈرائیورز کے لائسنسز)۔ IRCC ممکنہ طور پر آپ کی اصل دستاویزات لے لے گا۔ وہ آپ کو تصدیق شدہ کاپیاں آپ کے اہلیت کے انٹرویو میں دیں گے
- آپ کے "دعوے کی رسید” کا خط
- آپ کی بائیو میٹرک اپائنٹمنٹ کا نوٹس
- 14 سال سے کم عمر بچوں کی دو پاسپورٹ سائز تصاویر
اہلیت کا انٹرویو
اپنے پناہ گزینی کا دعوی کرنے کے بعد، CBSA یا IRCC کا افسر یہ جاننے کے لیے آپ سے سوالات کرے گا کہ آیا آپ پناہ کا دعوی کر سکتے ہیں یا نہیں۔ یہ اہلیت کا انٹرویو کہلاتا ہے۔ یہ آپ کی پناہ گزینی کی سماعت نہیں ہے ، البتہ آپ کے جواب بعد میں آپ کی سماعت کے دوران یہ فیصلہ کر نے میں استعمال ہو سکتے ہیں کہ آیا آپ کو پناہ گزین کی حیثیت دی جائے ۔
وہ آپ سے ایسے سوالات پوچھیں گے:
- آپ کینیڈا کیوں آئے؟
- اپنے ملک میں آپ کو کس انسان یا چیز سے خطرہ ہے؟
- اگر آپ اپنے ملک واپس گئے تو آپ کے ساتھ کیا ہو گا؟
- کیا آپ کو کبھی گرفتار یا حراست میں لیا گیا ہے؟ (کسی بھی وجہ سے)
- کیا آپ نے کسی دوسرے ملک میں پناہ گزینی کا دعوی کیا ہے؟
- آپ کی قانونی حیثیت یا شہریت کن ممالک میں ہے؟
- آپ نے کینیڈا آنے کا سفر کیسے کیا؟
- کینیڈا آنے میں آپ کی مدد کس نے کی؟
- کیا کینیڈا میں آپ کے کوئی رشتہ دار ہیں؟
آپ کے جوابات میں دیانت داری اہم ہے۔ یہ یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں کہ جو معلومات آپ دیتے ہیں وہ درست ہوں۔ اگر آپ کو کجھ سمجھ نہیں آ رہا تو پوچھ لیں۔ اگر آپ کوئی تاریخ صحیح سے نہیں جانتے تو افسر کو بتائیں اور فارم پر بھی لکھیں۔ آپ کو سماعت کے دوران وضاحت کرنی پڑ سکتی ہے۔
اگر آپ کو اہلیت کے انٹرویو کے دوران کسی مترجم کی ضرورت ہو تو IRCC یا CBSA افسر سے کہیں کہ آپ کو فراہم کرے. ضروری ہے کہ آپ ہر بات کو سمجھ سکیں اور واضح طور پر بات کر سکیں۔
داخلے کی گزرگاہ پر CBSA کے ساتھ اہلیت کا انٹرویو
اگر آپ داخلے کی گزرگاہ پر پناہ گزینی کا دعویٰ کرتے ہیں تو CBSA آپ کی اہلیت کی جانچ کرنے کی ذمہ دار ہے۔ آپ کی اہلیت کا انٹرویو داخلے کی گزر گاہ پر فوراً ہو سکتا ہے۔
بعض اوقات آپ کو اہلیت کے انٹرویو کے لیے کسی اور دن آنے کا کہا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہو تو، CBSA کی طرف سے آپ کو "دعوے کی رسید” کا خط دے دیا جائے گا۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ نے پناہ گزینی کا دعوٰی شروع کر دیا ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ آپ دی گئی تاریخ پر اپنی اہلیت کے انٹرویو کے لیے پیش ہوں۔
ایک CBSA افسر آپ کو کینیڈا کے اندر سے IRCC پورٹل پر اپنی درخواست مکمل کرنے کے لیے بھی کہہ سکتا ہے۔ اپنی درخواست جمع کروانے کے بعد آپ کو بعد کی تاریخ میں IRCC کے ساتھ اہلیت کے انٹرویو میں شرکت کے لیے ہدایات موصول ہوں گی۔
آپ کے اہلیت کے انٹرویو میں، اگر CBSA کا افسر فیصلہ کرتا ہے کہ آپ کو پناہ گزینی کا دعویٰ کرنے کی اجازت ہے تو آپ کو یہ دستاویزات دیۓ جائیں گے:
- پناہ گزینوں کے تحفظ کا شناختی دستاویز (RPID) اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ کی شناخت کیا ہے اور آپ پناہ گزینی کے دعویدار ہیں۔ RPID کے ساتھ، آپ عبوری فیڈرل ہیلتھ پروگرام کے تحت طبی خدمات اور کینیڈا میں دیگر خدمات اور فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس فارم پر آپ کا منفرد کلائنٹ شناختی نمبر/ یونیق کلائنٹ آئیڈینٹیفائر (UCI) درج ہوتا ہے۔
- ریفرل لیٹر کی تصدیق (کنفرمیششن آف ریفررل لیٹر)۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ CBSA نے آپ کی فائل IRB-RPD کو کاروائی کے لیے بھیج دی ہے۔ IRB-RPD آپ کی فائل کا جائزہ لینے کے بعد آپ کو سماعت کی تاریخ دے گا۔
- میڈیکل رپورٹ فارم۔ یہ آپ کو امیگریشن میڈیکل امتحان (IME) کے بارے میں بتاتا ہے جو آپ نے اگلے 30 دنوں کے اندر مکمل کرنا ہو گا۔
- دعویدار کی کٹ۔ اس میں ہے:
- شناخت اور سفری دستاویزات کی تصدیق شدہ کاپیاں، جو CBSA نے آپ سے لی تھیں،
- ایک دعویدار کی گایئڈ،
- آپکے مکمل کردہ فارم کی کاپیاں(اگر کوئی ہیں)
- درخواست فارمز مکمل کرنے کی ہدایات اگر آپ نے انہیں ذاتی طور پر پُر نہیں کیا، اور
- آپ کے انٹرویو سے معلومات۔ CBSA ان نوٹس کو IRB-RPD کو بھی بھیجتا ہے
- بنیادی کلیم فارم (BOC) (خاندان کے ہر فرد کے لیے ایک)۔ آپ کو اپنا BOC فارم بھرنا اور 45 دن کے اندر IRB کو بھیجنا چاہیے۔ (فارم میں 15 دن لکھا سکتا ہو ہے لیکن یہ اب درست نہیں ہے)
- ہٹانے کا حکم نامہ۔ یہ تمام پناہ گزینی کے دعویداروں کو دیا جاتا ہے۔ یہ صرف اس صورت میں نافذ ہوتا ہے جب آپ کا دعویٰ مسترد ہو جائے۔
IRCC اندرونِ ملک کے ساتھ اہلیت کا انٹرویو
اگر آپ اندرونِ ملک اپنا پناہ گزینی کا دعوی کرتےہیں، تو آپ اپنی درخواست اور BOC (بنیادی کلیم) فارم IRCC کے پورٹل پر جمع کروائیں گے ۔ اس کے بعد، IRCC کی طرف سے آپ کو اہلیت کے انٹرویو کی تاریخ ملے گی۔
اہلیت کے انٹرویو میں ایک IRCC افسر:
- آپ کا درخواست فارم دیکھے گا اور IRCC پورٹل پر موجود تمام معلومات جانچے گا اور دی گئی معلومات کے متعلق آپ سے سوال کرے گا۔
- آپ کے خاندان کے افراد کے نام، تاریخیں، جائے پیدائش اور رابطے کی معلومات کو ٹھیک سے جانچے گا۔
- فیصلہ کرنے کے لیے سوال پوچھے گا کہ کیا آپ پناہ کا دعوی کر سکتے ہیں۔
آپ کے اہلیت کے انٹرویو میں، IRCC افسر فیصلہ کر سکتا ہے کہ آپ کو پناہ گزینی کا دعوی کرنے کی اجازت ہے۔ پھر افسر آپ کو یہ دے گا:
- پناہ گزینوں کے تحفظ کا شناختی دستاویز (RPID) اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ کی شناخت کیا ہے اور آپ پناہ گزینی کے دعویدار ہیں۔ RPID کے ساتھ، آپ عبوری فیڈرل ہیلتھ پروگرام کے تحت طبی خدمات اور کینیڈا میں دیگر خدمات اور فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس فارم پر آپ کا منفرد کلائنٹ شناختی نمبر/ یونیق کلائنٹ آئیڈینٹیفائر (UCI) درج ہوتا ہے۔
- حوالہ کر دینے کا تصدیقی خط ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ IRCC نے آپ کا کیس پراسیسنگ کے لیے IRB-RPD کو بھیج دیا ہے۔ IRB-RPD آپ کے کیس کا جائزہ لینے کے بعد آپ کو سماعت کی تاریخ دے گا۔
- دعویدار کی کٹ۔ اس میں ہے:
- شناختی اور سفری دستاویزات کی تصدیق شدہ کاپیاں جو IRCC نے آپ سے لی تھیں،
- ایک دعویدار کی گایئڈ،
- آپ کے انٹرویو سے معلومات۔ IRCC ان یاداشتوں کو IRB-RPD کو بھی بھیجتا ہے۔
- ہٹانے کا حکم نامہ۔ یہ تمام پناہ گزینی کے دعویداروں کو دیا جاتا ہے۔ یہ صرف اس صورت میں نافذ ہوتا ہے جب آپ کا دعویٰ مسترد ہو جائے۔
IRCC افسر دعوے کے عمل میں اگلے مراحل کی وضاحت کرے گا۔
اہلیت کے کا میاب انٹرویو کے بعد، آپ IRB-RPD کے ساتھ اپنی پناہ گزینی کی سماعت کا انتظار کریں گے۔ اس بارے میں غور کرنا شروع کریں کہ آپ کو اپنے دعوے کی تائید کے لیے کون سے شواہد مل سکتے ہیں۔
کون پناہ گزینی کا دعویٰ کرنے کا اہل نہیں ہو سکتا
آپ کے اہلیت کے انٹرویو میں، CBSA یا IRCC افسر فیصلہ کر سکتا ہے کہ آپ کینیڈا میں پناہ گزینی کا دعویٰ نہیں کر سکتے ہیں۔ آپ اہل نہیں ہوسکتے ہیں اگر:
- آپ کسی دوسرے ملک میں روایتی (کنونشن) پناہ گزین ہیں جہاں آپ جا سکتے ہیں
- آپ نے امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، یا نیوزی لینڈ میں پناہ گزینی کا دعویٰ کیا تھا
- آپ کو کینیڈا نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ آپ پناہ گزینی کا دعویٰ نہیں کر سکتے
- آپ نے کینیڈا میں پناہ گزینی کا دعویٰ کیا تھا جسے واپس لے لیا گیا تھا، چھوڑ دیا گیا تھا یا مسترد کر دیا گیا تھا۔
- آپ کی شناخت خطرناک یا مجرم کے طور پر ہوئی ہے، یا آپ نے انسانی حقوق کے قوانین کو توڑا ہے۔
- آپ کو کینیڈا میں پہلے ہی ایک محفوظ شخص کی حیثیت دی گئی تھی۔
- آپ کو کینیڈا نے ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
- امریکہ-کینیڈا کی زمینی سرحد پر، آپ تیسرا محفوظ ملک معاہدہ (سیف تھرڈ کنٹری ایگریمنٹ) (STCA) کی وجہ سے داخل نہیں ہو سکتے۔
اگر آپ پناہ گزینی کا دعویٰ کرنے کے اہل نہیں ہیں، تو آپ کو کینیڈا چھوڑنے کی ہدایات کے ساتھ برطرفی کا حکم دیا جائے گا۔ کسی قانونی نمائندے سے مشورہ لیں کہ آیا آپ کے پاس کینیڈا میں رہنے کا کوئی اور طریقے ہے یا نہیں۔
امیگریشن کے لیۓ طبّی معائنہ/ امیگریشن میڈیکل ایگزام (IME)
امیگریشن کے لیۓ طبّی معائنہ کو سمجھیں
تمام پناہ گزینی کے دعویداروں کا امیگریشن میڈیکل ایگزام (IME) ہونا ضروری ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ کے کینیڈا میں رہنے سے عوام کی صحت یا تحفظ سےمتعلق کوئی تشویش نہیں ہے۔ یہ طبی معائنہ مفت ہے۔ آپ کا طبی معائنہ آپ کے دعوے کے قبول ہونے یا نہ ہونے پراثرانداز نہیں ہو گا۔
تاخیر نہ کریں: ورک پرمٹ حاصل کرنے سے پہلے آپ کا یہ معائنہ ہونا ضروری ہے
اپنے طبی معائنے پر کیا لے کر جانا چاہیۓ
جب آپ اپنے طبی معائنے کے لیے جائیں، تو یہ ساتھ لے جائیں:
- اگر آپ کے پاس ہے تو دعوے کا رسیدی خط
- میڈیکل رپورٹ فارم
- ایک شناختی دستاویز، اگر آپ کے پاس ہے
- آپ کے چشمے یا کانٹیکٹ لینز، اگر آپ پہنتے ہیں
- کوئی ویکسینیشن دستاویزات
- کوئی میڈیکل رپورٹ یا کوئی میڈیکل رپورٹ یا بیماریوں ( بشمول ما ضی کی) کے ٹیسٹ کے نتائج۔ آپ کو ان کا انگریزی یا فرانسیسی میں ترجمہ کرانا چاہیے (مترجم کے دستخط کردہ اقرار نامہ کے ساتھ)۔
آپ کی میڈیکل ہسٹری اور ایگزام
آپ اور خاندان کے ہر فرد کا اپنا طبی معائنہ ہوگا
طبی معائنے میں ڈاکٹر آپ کی میڈیکل ہسٹری کے بارے میں سوالات پوچھے گا۔ پھر ڈاکٹر:
- آپ کے وزن اور قد کی پیمائش کرے گا
- آپ کی سماعت اور بصارت کی جانچ کرے گا
- آپ کا بلڈ پریشر لے گا اور آپ کی نبض جا نچے گا
- آپ کے پھیپھڑوں اور دل کی دھڑکن سنےگا
- آپ کا پیٹ کا معائنہ کرے گا
- چیک کرتا ہے کہ آپ کے بازو اور ٹانگیں کس طرح حرکت کرتی ہیں
- آپ کی جلد کو دیکھتا ہے
اگر ڈاکٹر کو آپ کی چھاتی کا معائنہ کرنے کی ضرورت ہے، تو وہ بتائیں گے کہ یہ کیسے اور کیوں ہو گا۔ آپ کو سینے کے ایکسرے اور لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کی بھی ضرورت پڑسکتی ہے۔ آپ اایگزام کے دوران اپنے ساتھ کسی کو ہمراہ رکھنے کے لئے کہہ سکتے ہیں۔
ڈاکٹر نتائج براہ راست IRCC کو بھیجے گا
IRCC پورٹل
IRCC پورٹل کو سمجھیں
اگر آپ پناہ گزینی کے دعوے کا آغاز کرتے وقت پہلے ہی کینیڈا میں موجود ہیں تو آپ اپنا پناہ گزینی کا دعویٰ IRCC پورٹل نامی ویب سائٹ کے ذریعے جمع کروائیں گے۔ آپ سوالات کے جواب دیں گے اور پورٹل کے ذریعے اپنا BOC فارم اور دستاویزات بھیجیں گے۔ IRCC آپ کی جمع کردہ معلومات کو استعمال کر کے فیصلہ کرتا ہے کہ آیا آپ کا دعویٰ امیگریشن اور ریفیوجی بورڈ (IRB) کو بھیجنے کے لیے اہل ہے یا نہیں۔ اگر آپ کو اہل قرار دیا گیا تو IRB-RPD کو ان تمام معلومات کی ایک کاپی موصول ہوگی۔
اپنی دستاویزات تیار کریں
اس سے پہلے کہ آپ پورٹل استعمال کریں، ان اہم دستاویزات کو تیار رکھنا ضروری ہے:
آپکا مکمل بنیادی کلیم فارم (BOC)
- آپ کا پاسپورٹ یا سفری دستاویز
نمائندہ فارم کا استعمال (اگر آپ کے پاس نمائندہ ہے)
اعلامیہ – IRCC پورٹل کے ذریعے پناہ گزینی کا دعویٰ جمع کرانے کے لیے نمائندے کی اجازت (اگر آپ کا نمائندہ آپ کے لیے دعویٰ کر رہا ہے)
نمائندے کو IRCC پورٹل کے ذریعے پناہ گزینی کا دعویٰ جمع کروانے کی اجازت
(اگر آپ کا نمائندہ آپ کی جانب سے دعویٰ کر رہا ہے)
اپنا IRCC پورٹل اکاؤنٹ بنائیں
جب آپ کے پاس دستاویزات تیار ہو جائیں تو، آپ اکاؤنٹ بنانے کے لیے IRCC پورٹل پر جا سکتے ہیں۔
شروع کیسے کرنا ہے
درج ذیل اقدامات لیں:
- اکاؤنٹ کے لیے سائن اپ کرنے کے لیے ایک انویٹیشن کوڈ بنائیں۔
- IRCC پورٹل پر اکاؤنٹ کے لیے سائن اپ کریں۔
- اپنے اکاؤنٹ میں سائن ان ہونے کے بعد، "ایک درخواست شروع کریں” پر کلک کریں اور پھر "پناہ گزینی کا دعویٰ کریں” کو منتخب کریں۔
آپ اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کے لیے صرف ایک IRCC پورٹل اکاؤنٹ بناتے ہیں۔ پورٹل میں آپ، آپ کے شریک حیات، اور بچوں میں سے ہر ایک کا اپنا پروفائل ہوگا۔
اپنا دعویٰ کرنے کے لیے IRCC پورٹل کا استعمال کریں
ایک بار جب آپ کا اکاؤنٹ بن جاۓ، تو آپ کو پورٹل پر تمام سوالوں کے جوابات دینا شروع کر دینا چاہیے۔
پورٹل میں، آپ سے یہ پوچھا جائے گا:
- آپ کا قانونی نمائندہ
- ذاتی معلومات
- رابطے کی معلومات
- خاندان
- ٹریول ہسٹری
- اییڈریس کی تفصیلات بشمول وہ جگہیں جہاں اپ رہتے رہے یاچھپے رہے
- تعلیم، کام، اور دیگر سرگرمیاں
- سیکورٹی کے مسائل
- میڈیکل ہسٹری
- آپ کے دعوے کے بارے میں تفصیلات
دستاویزات
آپ کو IRCC پورٹل کے ذریعے دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت ہے۔ کچھ دستاویزات درکار ہیں، اور دیگر اختیاری ہیں۔
آپ کو PDF فارمیٹ میں بھیجنے کی ضرورت ہے:
آپ کا مکمل BOC فارم
- آپ کا پاسپورٹ یا سفری دستاویز
(اگر قابل اطلاق ہو)
- اعلامیہ – IRCC پورٹل کے ذریعے پناہ گزینی کا دعویٰ جمع کرانے کے لیے نمائندے کی اجازت (اگر آپ کا نمائندہ آپ کے لیے دعویٰ کر رہا ہے)
آپ اس وقت اپنے دعوے کے لیے دیگر دستاویزات بھی اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی قانونی نمائندہ نہیں ہے، تو انتظار کرنا اور بعد میں اپنے نمائندے کے ساتھ اپ لوڈ کرنا اچھا خیال ہے۔ اپنےشواہد کے لیۓ قانونی مدد حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ شواہد بھیجنے کے لیۓ آپ کے پاس اپنی سماعت سے دس دن پہلے تک کا وقت ہے۔
IRCC پورٹل استعمال کرنے کے لیے نکات
- اگر آپ کر سکتے ہیں تو اپنی مدد کے لیے کوئی وکیل یا دوسرا قانونی نمائندہ حاصل کریں
- آپ کے جوابات انگریزی یا فرانسیسی میں ہونے چاہئیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی مترجم ہے تو اپنے جوابوں پر نگرانی رکھیں۔ان سے کہیں کہ وہ تمام سوال اور جواب آپ کے لیے آپ کی زبان میں دہرائیں۔
- اندازہ نہ لگائیں اور نہ ہی تاریخیںگھڑیں۔ اگر آپ کو دن/مہینے/سال کی تاریخ کا صحیح دن معلوم نہیں ہے تو آپ مہینے کا پہلا دن لکھ سکتے ہیں۔ یہ بتانے کے لیے ایک خط لکھیں کہ آپ نے ایسا کیا ہے۔
- اگر آپ کو پورٹل استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے کچھ حصے کو صحیح طریقے سے پُر نہیں سکے تو یہ وضاحت دینے کے لیۓ بھی آپ ایک خط بھیج سکتے ہیں۔
اپنا دعویٰ جمع کر وائیں
ایک بار جب آپ تمام سوالات کے جوابات دے دیں اور اپنے دستاویزات اپ لوڈ کر لیں، آپ اپنا دعویٰ جمع کرا سکتے ہیں۔ محتاط رہیں! "درخواست جمع کروائیں” پر کلک کرنے کے بعد، آپ معلومات میں تبدیلی یا اضافہ نہیں کر سکتے۔ "درخواست جمع کروائیں” کو نہ دبائیں جب تک کہ آپ چیک نہ کر لیں کہ تمام معلومات اور فارم درست اور مکمل ہیں۔ اگر ممکن ہو تو، کسی وکیل یا اپنے قانونی نمائندے سے کہیں کہ تمام چیزوں کا جائزہ لے لے۔
آپ کا دعویٰ جمع کرائے جانے کے بعد، IRCC آپ کو ایک ای میل بھیجے گا کہ اسے دعویٰ موصول ہو گیا ہے۔
آپ کا دعویٰ جمع ہونے کے بعد
آپ کے آن لائن دعویٰ بھیجنے کے بعد، IRCC اس کا جائزہ لے گا تاکہ یہ یقینی بناۓ کہ یہ مکمل ہے۔
اگر یہ مکمل ہے، تو IRCC:
- آپ کو دعوے کا رسیدی خط بھیجیں گے، جس سے آپ کو خدمات اور پروگرام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
- آپ کو میڈیکل رپورٹ کا فارم اورامیگریشن میڈیکل ایگزام (IME) کروانے کے لیے ہدایات بھیجیں گے۔
- آپ کو اپنی اگلی ملاقات کے بارے میں ایک خط بھیجیں۔
اگر آپ کا دعویٰ نامکمل ہے، تو IRCC آپ کو بتائے گا کہ کیا رہتا ہے۔
IRCC آپ کے پورٹل اکاؤنٹ کے ذریعے آپ کی درخواست کے بارے میں آپ کو خطوط یا نوٹس بھیج سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے، تو آپ کو IRCC کی طرف سے ایک ای میل ملے گی جس میں آپ کو اپنا اکاؤنٹ چیک کرنے کے لیے کہا جائے گا۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی ای میل باقاعدگی سے چیک کرتے ہیں، بشمول آپ کے اسپام فولڈر، تاکہ آپ IRCC کی بھیجی ہوئی کسی چیز سے محروم نہ رہیں۔ اپنے دعوے کی اپ ڈیٹس دیکھنے کے لیے اپنے اکاؤنٹ میں سائن ان کریں۔
بنیادی کلیم اور بیانیہ
بنیادی کلیم فارم کو سمجھیں
بنیادی کلیم (BOC) فارم آپ کے پناہ گزینی کے دعوے کی سب سے اہم دستاویز ہے۔ اس فارم میں آپ یہ تفصیل بتاتے ہیں کہ آپ کون ہیں اور کن وجوہات کی بنا پر آپ کینیڈا میں تحفظ چاہتے ہیں
یہ فیصلہ کرنے کے لیے کہ آیا آپ ایک روایتی پناہ گزین ہیں یا تحفظ کے ضرورت مند شخص, IRB-RPD کا ایک رکن:
- آپ کا BOC فارم پڑھتا ہے،
آپ کے شواہد کو دیکھتا ہے، اور
- آپ اپنی سماعت پر جو کہتے ہیں اسے سنتا ہے۔
پناہ گزینی کی سماعت پر رکن آپ سے آپ کے BOC فارم کے بارے میں سوالات پوچھتا ہے۔ آپ سے سوالات پوچھے جا سکتے ہیں کہ آپ نے اپنے بنیادی کلیم BOC فارم میں کیا شامل کیا ہے اور کیا کچھ شامل نہیں کیا ہے۔ یہ معلومات آپ کے مکمل کردہ دیگر فارموں کے اندراج سے ملتی ہونی چاہیں جو آپ نے اپنے پناہ گزینی کے دعوی کے لیے جمع کراۓ تھے۔
اگر ہو سکے تو، BOC فارم اور دیگر دستاویزات جو آپ نے بھیجنے ہیں، انکو تیار کرنے میں مدد کے لیے وکیل یا قانونی نمائندے سے رابطہ کریں۔
بنیادی کلیم فارم کو مکمل کریں
اپنے دعوے کے فارم کو مکمل کرنے کے لیے آپ کاغذی فارم کو پُر کر سکتے ہیں، یا پھر کمپیوٹر پر پُر کر کے اسے پرنٹ کر سکتے ہیں۔
جب آپ اپنا BOC فارم بھرتے ہیں:
BOC فارم اور رہنما ہدایت نامے (کلیمنٹ گائیڈ) میں دی گئی ہدایات کو پڑھیں۔
- اپنے جوابات انگریزی یا فرانسیسی میں لکھیں۔ اگر آپ کو انگریزی یا فرانسیسی میں کامل مہارت نہیں ہے، تو اپنی مدد کے لیے ایک اچھا مترجم تلاش کریں۔
- اس بات کو یقینی بنائیں کہ جواب دینے سے پہلے آپ ہر سوال کو سمجھ گئے ہیں۔ آپ کے جوابات سچّے، درست اور مکمل ہونے چاہئیں۔
- BOC فارم پر تمام سوالوں کے جواب دیں۔ کوئی سوال خالی نہ چھوڑیں۔
- اگر کوئی سوال آپ پر لاگو نہیں ہوتا ہے تو "N/A” (قابل اطلاق نہیں) لکھیں۔
- اگر آپ کو کسی چیز کے بارے میں یقین نہیں ہے، تو اپنے BOC فارم میں بتا دیں۔
- اگر آپ کو کسی سوال کا جواب دینے کے لیے مزید جگہ درکار ہے، تو آپ الگ کاغذ پر مزید معلومات منسلک کر سکتے ہیں۔
- یقینی بنائیں کہ BOC فارم پر موجود معلومات مماثل ہیں:
- جو آپ نے کسی بھی امیگریشن انٹرویو میں کہا ہے،
- جو معلومات جو آپ نے دوسرے امیگریشن فارموں پر لکھی ہیں، اور
- آپ کا بیانیے سے یا کسی بھی دستاویز سے جو آپ نے اپنے BOC فارم کے ساتھ منسلک کی ہے
- اپنے BOC فارم اور ہر بھیجے گئے فارم اور دوسری دستاویز کی ایک کاپی اپنے پاس رکھیں۔
- آپ کو اپنے ساتھ درخواست دینے والے خاندان کے ہر فرد کے لیے علیحدہ BOC فارم پُر کرنا چاہیے:
چھ سال سے کم عمر کے بچوں کے لیۓ: =فارم کا صرف یہ حصہ پر کریں "آپ کون ہیں”۔ والدین میں سے کسی ایک یا پھر ان کے نامزد کردہ نمائندے کو اس فارم پر لازما دستخط کرنے ہیں۔
- 7 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کے لیے: BOC فارم کے تمام حصے پُر کریں۔ والدین میں سے ایک یا نامزد نمائندے کے اس پر دستخط کرنا ضروری ہے۔
- ضروری ہے کہ 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچے اپنے BOC فارم پر خود دستخط کریں۔
BOC فارم کے بیانیے کو سمجھیں۔
آپ اپنی کہانی کو علیحدہ شیٹ پر لکھنے اور اسے BOC فارم کے ساتھ منسلک کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اسے اکثر آپ کا BOC بیانیہ کہا جاتا ہے۔
آپ کا بیانیہ اپنے پناہ گزینی کے دعوے کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے کا ایک موقع ہے ، بشمول اس کے کہ آپ نے اپنا آبائی ملک کیوں چھوڑا اور آپ کو کیوں لگتا ہے کہ آپ واپس نہیں جا سکتے۔ آپ کو یہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن یہ ایک اچھا خیال ہے.
اپنا بیانیہ شروع کریں
اس سے پہلے کہ آپ اپنا بیانیہ لکھنا شروع کریں، BOC فارم میں موجود سوالات کو پڑھیں۔ آپ اپنے بیانیہ میں کیا کہتے ہیں اس کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے ان سوالات کا استعمال کریں۔ آپ کو کینیڈا کی حکومت کو دیے گئے کوئی بھی دوسرے فارم اور درخواستیں یا امیگریشن افسران کے ساتھ کیے گۓ انٹرویوز کے نوٹز بھی دیکھنے چاہیئں۔ آپ کا بیانیہ اس سے مماثل ہونا چاہئے جو آپ نے پہلے کہا یا لکھا ہے۔
بیانیہ لکھنے کے لیے یہاں کچھ اور نکات ہیں:
- سچ بولیں۔آپ کے بیانے کاسچا اور درست ہونا ضروری ہے۔ IRB-RPD آپ کے دعوے کو مسترد کر سکتا ہے اگر وہ آپ کی باتوں پر یقین نہ کرے۔
- اگر آپ کے بیانیے میں کوئی چیز اس سے مماسل نہیں ہے جو آپ نے پہلے کہا یا لکھا ہے تو اس کی وجہ بتائیں۔
- صرف اہم مسائل کے بارے میں لکھیں۔ آپ کو بنیادی حقائق (اپنی شناخت، خاندان، تعلیم، ملازمتوں، اور سفر کے بارے میں) کو دہرانے کی ضرورت نہیں ہے جو آپ نے اپنے BOC اور دیگر فارموں میں لکھے ہیں، جب تک کہ یہ تفصیلات آپ کو اپنے ملک مین در پیش خطرے کو ظاہر کرنے کے لیے اہم نہ ہوں۔
اپنے بیانیے کو بالکل منظّم رکھیں تاکہ آپ کے دعوے کا فیصلہ کرنے والے IRB-RPD رکن کے لیے اسے پڑھنا آسان ہو۔
- یاد رکھیں کہ آپ کو صرف ماضی میں ہونے والے واقعات نہیں بلکہ یہ بھی بتانے کی ضرورت ہے کہ مستقبل میں آپ کو اپنے ملک میں کس خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا اور آپ واپس کیوں نہیں جا سکتے۔
- بیان کریں کہ ماضی کے واقعات نے آپ اور آپ کے خاندان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو کیسے متاثر کیا۔
اپنے بیانیہ میں قانونی مسائل کو بیان کریں۔
جب آپ اپنا بیانیہ لکھتے ہیں، تو ذہن میں رکھیں کہ IRB-RPD کا رکن درج ذیل معلومات کی تلاش میں ہے:
- اگر آپ اپنے ملک واپس گئے تو آپ کو کس خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا؟ کون آپ کو تکلیف دے سکتا ہے؟ آپ کو کن دھمکیوں یا برے سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے؟ لوگوں یا گروپوں کے نام بتائیں۔ کیا آپ جیسے دوسرے لوگوں کو بھی ایسی ہی مشکلات ہوئی ہیں؟ کیا آپ کے ملک میں سب کو ایک جیسے خطرے کا سامنا ہے، یا صرف آپ اور کسی ایک مخصوص گروہ کو؟
- وہ آپ کو کیوں تکلیف پہنچانا چاہتے ہیں؟ کیا اس کی وجہ آپ کی
- نسل
- مذہب
- قومیت
- سیاسی رائے, یا
- کیونکہ آپ لوگوں کے ایک مخصوص سماجی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں؟ (مثال کے طور پر، خواتین یا لوگ جو LGBTQ+ کے طور پر شناخت کرتے ہیں۔)
- اگر آپ کا تعلق کسی تنظیم یا لوگوں کے کسی گروپ سے ہے جو خطرے میں ہے تو اس گروپ کی وضاحت کریں۔ اگر یہ مددگار ہے تو اس بارے میں تفصیلات بتائیں کہ آپ نے گروپ میں کیا کیا۔
- اگر آپ واپس لوٹیں گے تو وہ لوگ جو آپ کو تکلیف دینا چاہتے ہیں آپ کو کیسے تلاش کریں گے؟ کیا ان کے پاس آپ کو ڈھونڈنے کا کوئی طریقہ ہے چاہے آپ ملک میں کہیں بھی جائیں؟ انہیں کیسے پتہ چلے گا کہ آپ واپس آگئے ہیں؟
- کیا آپ نے پولیس یا دیگر حکام سے مدد مانگی؟ کیا ہوا؟ اگر نہیں مانگی تو کیوں نہیں؟ کیا آپ اپنے جیسے دوسرے لوگوں کو جانتے ہیں جنہوں نے مدد مانگی؟ کیا ہوا؟
- کیا آپ اپنے ملک کے کسی دوسرے حصے میں محفوظ طریقے سے رہ سکتے ہیں؟ کیوں نہیں؟ صرف یہ مت کہیں کہ آپ کے دوست یا خاندان کے افراد پاس نہیں رہتے۔
- جب آپ نے ملک چھوڑا تو اس فیصلے کا انتخاب اس وقت کیوں کیا؟ کیا آپ فوراً چلے گئے؟ اگر نہیں تو کیوں نہیں؟
- اگر آپ ملک چھوڑنے کے بعد واپس گئے تو اس کی وجہ بتائیں۔ کیا آپ نے اپنی حفاظت کے لیے اقدامات لیے تھے؟
- اگر آپ کینیڈا آنے سے پہلے کسی دوسرے محفوظ ملک سے گزرے ہیں، تو بتائیں کہ آپ نے وہاں پناہ گزینی کا دعویٰ کیوں نہیں کیا۔ اگر آپ نے کسی دوسرے ملک میں پناہ گزینی کا دعویٰ کیا، تو کیا ہوا؟
- کیا اور بھی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے آپ اپنے ملک واپس نہیں جا سکتے؟ طبی وجوہات؟ کیا مکان یا نوکری تلاش کرنا مشکل ہے؟
مزید معلومات کے لیۓ اپنے کلیم اور قانونی مسائل دیکھیں۔
اپنا بیانہ مکمل کریں
جب آپ اپنے بیانیے کو ختم کر لیں تو اپنے قانونی نمائندے کے ساتھ اس کو احتیاط سے دہرایں۔ اپنی ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کریں تاکہ آپ کا بیانیہ درست اور مکمل ہو۔ اگر آپ کے پاس کوئی قانونی نمائندہ نہیں ہے تو، کسی پُراعتماد شخص سے مدد لیں جو اسے آپ کے لیے دہراے۔
آپ اپنے بیانۓ کے ہر صفحے اوپر والے دائیں کونے میں اپنا نام اور UCI نمبرلکھیں۔ جب ایک دفع آپ اپنے بیانیے سے مطمعین ہو جایئں تو لازما اس کا ترجمہ انگریزی یا فرانسیسی میں کروا لیں۔ مترجم سے کہیں کہ پھر اسے پڑھ کر آپ کو سناۓ۔ آپ اسے توجہ سے سنیں تاکہ آپ اس بات کو یقینی بنایئں کہ یہ درست ہے۔ ترجمہ کرنے والے کو مترجم کا اقرار نامہ بھی بنانا ہو گا۔
جب آپ اپنے بیانیے کو IRB-RPD کو بھیجیں تو اسے اپنے BOC کے ساتھ منسلک کریں۔ شواہد بھیجنے کے لیۓ IRB-RPD کی ہدایات پر عمل کریں۔
اپنا BOC فارم IRB-RPD کو جمع کروائیں
IRCC پورٹل پر اپنا BOC فارم جمع کریں
اگر آپ اپنا گزینی کا دعوی IRCC پوڑٹل پر کر رہے ہیں تو اپنے بیانیے اور بنیادی کلیم BOC فارم کو ایک پی ڈی ایف (PDF) فائل میں یکجا کر کے پورٹل کر اپ لوڈ کریں۔ یاد رکھیں، اگر آپ 90 دن کے اندر اپنی درخواست مکمل کر کے جمع نہیں کرواتے تو پورٹل آپ کی معلومات کو مٹا دے گا۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسا ہونے سے پہلے آپ اپنا بنیادی کلیم BOC فارم اپ لوڈ کر دیتے ہیں اور اپنی درخواست جمع کروا دیتے ہیں۔
اپنا بنیادی کلیم BOC فارم براہ راست IRB-RPD کو جمع کرايئں
اگر آپ نے اپنا دعویٰ CBSA کے ساتھ داخلے کی گزرگاہ پر شروع کیا ہے، تو جس دن CBSA نے آپ کو BOC فارم دیا ہے، اسے IRB-RPD کو بھیجنے کے لیے آپ کے پاس 45 دن ہیں۔ اگر آپ کی آخری تاریخ ہفتہ، اتوار یا چھٹی کے دن آتی ہے، تو یہ اگلے کام کے دن (پیر سے جمعہ) پے ہو گی۔ اس آخری تاریخ کو مت کھویئں! اگر آپ ڈیڈ لائن کھو دیتے ہیں تو آپ کے پناہ گزین کے دعوے کو ترک کر دیا جائے گا۔ اگر آپ کو اپنا BOC فارم مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے تو آپ IRB-RPD سے وقت کی توسیع کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ آگاہ رہیں، اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ آپ کو توسیع دی جائے گی۔
اگر آپ کے پاس قانونی نمائندہ ہے تو وہ مائی کیس استعمال کرکے آپ کا BOC فارم بھیجیں گے۔
اگر آپ کے پاس قانونی نمائندہ نہیں ہے اور آپ کو مائی کیس پورٹل استعمال کرنے کی دعوت دی گئی ہے تو آپ کو اپنا BOC فارم پورٹل کے ذریعے بھیجنا ہوگا۔
اگر آپ کو مائی کیس استعمال کرنے کی دعوت نہیں ملی ہے تو اپنے علاقے میں واقع IRB-RPD دفتر میں اپنا BOC فارم بھیجنے کے لیے نیچے دی گئی ہدایات پر عمل کریں:
اگر آپ برٹش کولمبیا، البرٹا، سسکاچیوان، مینیٹوبا، یوکان، یا نارتھ ویسٹ ٹیریٹریز میں رہتے ہیں
ای میل: RPDWestern-SPRouest@irb-cisr.gc.ca
مندرجہ ہدایات پر بغور عمل کریں: آپ کو اپنا BOC فارم اور دیگر تمام دستاویزات PDF فارمیٹ میں منسلک (اٹیچمنٹ) کے طور پر بھیجنی ہوں گی۔ PDF فائلوں کا حجم 20MB سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ سبجیکٹ لائن میں اپنا UCI نمبر (اور اگر آپ کے پاس ہو تو اپنا IRB-RPD نمبر اور سماعت کی تاریخ) اور "BOC فارم” لکھیں۔ ای میل کے متن میں کچھ بھی نہ لکھیں۔
کورئیر/ذاتی طور پر جمع کرانا:
اگر آپ کوئی دوسرا آپشن استعمال نہیں کر سکتے تو آپ کورئیر سروس استعمال کر سکتے ہیں یا اسے مقامی ٹریبونل میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔ اپنا اصل BOC فارم اور رسید اپنے پاس رکھیں۔
کورئیر کا پتہ:
IRB-RPD, Minto Place, Canada Building 344 Slater Street, 12th Floor Ottawa, Ontario, Canada, K1A 0K1
ذاتی طور پر جمع کروانے کا پتہ:
IRB300 West Georgia Street, Suite 1600, Library Square, Vancouver, BC V6B 6C9
اگر آپ اونٹاریو میں رہتے ہیں (اوٹاوا اور کنگسٹن کے علاوہ)
ای میل: RPDCentral-SPRcentre@irb-cisr.gc.ca
مندرجہ ہدایات پر بغور عمل کریں: آپ کو اپنا BOC فارم اور دیگر تمام دستاویزات PDF فارمیٹ میں منسلک (اٹیچمنٹ) کے طور پر بھیجنی ہوں گی۔ PDF فائلوں کا حجم 20MB سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ سبجیکٹ لائن میں اپنا UCI نمبر (اور اگر آپ کے پاس ہو تو اپنا IRB-RPD نمبر اور سماعت کی تاریخ) اور "BOC فارم” لکھیں۔ ای میل کے متن میں کچھ بھی نہ لکھیں۔
کورئیر/ذاتی طور پر جمع کرانا:
اگر آپ کوئی دوسرا آپشن استعمال نہیں کر سکتے تو آپ کورئیر سروس استعمال کر سکتے ہیں یا اسے مقامی ٹریبونل میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔ اپنا اصل BOC فارم اور رسید اپنے پاس رکھیں۔
کورئیر کا پتہ:
IRB-RPD, Minto Place, Canada Building 344 Slater Street, 12th Floor Ottawa, Ontario Canada, K1A 0K1
ذاتی طور پر جمع کروانے کا پتہ:
25 St. Clair Ave E, Suite 200, Toronto, ON M4T 0A8
اگر آپ کیوبیک، نیو برنزوک، نووا سکوشیا، پرنس ایڈورڈ آئلینڈ، نیوفاؤنڈلینڈ، نوناوُٹ، کنگسٹن (اونٹاریو)، اوٹاوا (اونٹاریو) میں رہتے ہیں
ای میل: RPDEastern-SPRest@irb-cisr.gc.ca
مندرجہ ہدایات پر بغور عمل کریں: آپ کو اپنا BOC فارم اور دیگر تمام دستاویزات PDF فارمیٹ میں منسلکات (اٹیچمنٹ) کے طور پر بھیجنی ہوں گی۔ PDF فائلیں 20MB سے زیادہ نہیں ہونی چاہئیں۔ سبجیکٹ لائن میں اپنا UCI نمبر (اور اگر آپ کے پاس ہو تو اپنا IRB-RPD نمبر اور سماعت کی تاریخ) اور "BOC فارم” لکھیں۔ ای میل کے متن میں کچھ بھی نہ لکھیں۔
کورئیر/ذاتی طور پر جمع کرانا:
اگر آپ کوئی دوسرا آپشن استعمال نہیں کر سکتے، تو آپ کورئیر سروس استعمال کر سکتے ہیں یا اسے مقامی ٹریبونل میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔ اپنا اصل BOC فارم اور رسید اپنے پاس رکھیں۔
کورئیر کا پتہ:
IRB-RPD, Minto Place, Canada Building 344 Slater Street, 12th Floor Ottawa, Ontario Canada, K1A 0K1
ذاتی طور پر جمع کروانے کا پتہ:
Guy-Favreau Complex
200 René-Lévesque Blvd. West, East Tower, Room 102
Montréal, QC H2Z 1X4
آپ کے BOC فارم بھیجنے کے بعد
اگر آپ کچھ بھول گئے ہیں یا غلطی کی ہے۔
تبدیلیاں کرنے کے دو طریقے ہیں:
BOC فارم کی اپنی کاپی یا بیانیہ میں تبدیلی کریں اور اسے انڈر لائن کریں۔ پھر ہر اس صفحے پر اپنے نام اور تاریخ کے ساتھ دستخط کریں جہاں آپ نے تبدیلی کی ہے۔
یا
ایک خط لکھیں جس میں یہ بتاییں کہ تبدیلیاں کیا ہیں، وہ دستاویز میں کہاں پر ہیں، اور آپ نے یہ تبدیلیاں کیوں کیں ہیں۔ اپنے خط پر دستخط کریں اور تاریخ لکھیں۔
اپنی کی ہوئی تبدیلیاں بھیجیں
اپنی سماعت سے کم از کم 10 دن پہلے ہر اصل صفحہ اور اس کے تبدیل شدہ صفحہ کی ایک کاپی (اور آپ کا خط اگر آپ کے پاس ہے تو) IRB-RPD کو بھیجیں۔ اپنے ریکارڈ کے لیے کاپیاں رکھیں۔ اگر وزیر کا وکیل آپ کی سماعت پر ہوگا، تو انہیں بھی ان تبدیلیوں کی ایک کاپی بھیجیں۔
ورک پرمٹ
آپ کو کینیڈا میں قانونی طور پر کام کرنے کی اجازت لینے کے لیے، وفاقی حکومت سے ورک پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔ یہ آپ کو کینیڈا میں کچھ شرائط کے ساتھ کام کرنے دیتا ہے۔
ورک پرمٹس کا انتظام IRCC کرتا ہے۔
ورک پرمٹ کے لئے درخواست کیسے دی جائے
ورک پرمٹ حاصل کرنے سے پہلے، لازم ہے کہ آپ پہلے اپنا بائیو میٹرکس اور امیگریشن میڈیکل امتحان (IME) مکمل کریں۔
اگر آپ IRCC پورٹل کے ذریعے پناہ گزینی کا دعویٰ کر رہے ہیں، تو آپ سے پوچھا جائے گا کہ کیا آپ کو ورک پرمٹ چاہیے۔ اگر چاہیۓ، تو درخواست میں صرف "ہاں” کا انتخاب کریں۔ جب آپ اپنے پناہ گزینی کے دعوے کے فیصلہ کے انتظار میں ہوں تو آپ کو ورک پرمٹ کے لیےرقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
آپ کا ورک پرمٹ اس ڈاک کے پتے پر بھیجا جائے گا جو آپ نے IRCC پورٹل میں درج کیا تھا۔ اسے آپ کو اہلیت کے انٹرویو کے دوران بھی دیا جا سکتا ہے۔ آپ کا ورک پرمٹ وصول کرنے کا وقت موجودہ پراسیسنگ کے دورانیے پر منحصر ہے۔
بعض صورتوں میں جب آپ اپنے پناہ گزینی کے دعوے کا آغاز داخلے کی گذرگاہ پر کرتے ہیں اور CBSA آفسر کے ساتھ کاغذی فارم مکمل کرتے ہیں تو آپ ورک پرمٹ کی درخواست کر سکتے ہیں۔
اگر آپ نے اس وقت ورک پرمٹ کے لیۓ درخواست نہیں دی جب آپ نے اپنے پناہ گزینی کےدعوے کے فارم مکمل کیے، تو آپ بعد میں ورک پرمٹ کے درخواستی فارم کے ساتھ یہ درخواست دے سکتے ہیں۔
اپنے ورک پرمٹ کی تجدید کرا لیں
ورک پرمٹ دو سال تک کارآمد ہوتا ہے۔ یہ اہم ہے کہ آپ اپنے ورک پرمٹ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے اس کی تجدید کی آپ درخواست دے دیں۔ آپ کو اپنے ورک پرمٹ کی تجدید کرانے کی ضرورت اس وقت پڑتی رہے گی جب تک آپ مستقل رہائشی نہیں بن جاتے۔
آپ کو اپنے موجودہ ورک پرمٹ کی میعاد ختم ہونے سے کم از کم 2-3 ماہ قبل اپنے ورک پرمٹ کی توسیع کے لیے درخواست دینی چاہیے۔
اگر آپ کے پرانے ورک پرمٹ کی معیاد ختم ہو گئی ہو اور اس وقت تک آپ کو نیا ورک پرمٹ موصول نہ ہوا ہو تو آپ تب بھی کام کر سکتے ہیں۔ اپنے آجر کو ثبوت دکھايئں کہ آپ نے تجدید کے لیۓ درخواست دے دی ہے۔