انسانی ہمدردی اور رحم دلی کی درخواست/ ہیومینٹیرین اینڈ کمپسینٹ (H&C)

انسانی ہمدردی اور رحم دلی (H&C) کی درخواست IRCC سے کینیڈا کا مستقل رہائشی بننے کے لیے خصوصی اجازت کی درخواست ہے۔ جب آپ دوسرے امیگریشن پروگراموں کے اہل نہیں ہوتے ہیں تو آپ H&C درخواست دے سکتے ہیں۔ H&C عام طور پر کینیڈا میں رہنے کی آخری کوشش ہوتی ہے۔

H&C درخواست میں، آپ کو ظاہر کرنا ہوگا کہ ایسی اہم وجوہات ہیں جن کی بنا پہ آپ کو کینیڈا میں رہنے کی اجازت ملنی چاہیۓ ۔ عام طور پر، H&C درخواست ظاہر کرتی ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان کینیڈا کی زندگی سے کتنا جڑا ہوا ہے یا یہ کہ اگر آپ کو کینیڈا چھوڑنا پڑے، تو آپ کی زندگی میں موجود بچے کیسے متاثر ہوں گے۔ اس میں یہ بھی شامل ہو سکتا ہے کہ اگر آپ کو اپنے ملک واپس جانا پڑے تو ‎آپ کو مشکلات- مطلب بہت سخت حالات – کا سامنا کیوں کرنا پڑے گا۔

کون درخواست دے سکتا ہے

IRB-RPD یا IRB-RAD کے آپکے پناہ گزینی کے دعوے کو مسترد کرنے کے بعد،  آپ کو 12 ماہ تک انتظار کرنا ہوگا، اس سے پہلے کہ آپ H&C درخواست دے سکیں۔ اگر آپ اپنا پناہ گزیی کا دعویٰ واپس لیتے یا ترک کرتے ہیں تب بھی آپ کو عام طور پر 12 ماہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔

آپ کو درخواست دینے کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا، گر آپ یہ دِکھا سکتے ہیں کہ:

  • آپ کا کینیڈا چھوڑنا آپ کے (18 سال سے کم عمر کے) بچے کے بہترین مفاد میں نہیں ہوگا، یا
  • اگر آپ اپنے آبائی ملک واپس لوٹتے ہیں، تو صحت کی سہولیات کی کمی کی وجہ سے آپ کی (یا آپ کے زیر کفالت افراد میں سے کسی) کی زندگی خطرے میں ہوگی۔

آگاہ رہیں، کچھ لوگوں کو H&C درخواست دینے کی اجازت نہیں ہے۔ آپ H&C کے لیے درخواست نہیں دے سکتے اگر:

  • آپ کا پناہ گزینی کا دعویٰ عمل میں ہے۔
  • آپ کو بتایا گیا کہ آپ پچھلے 5 سالوں میں کسی وقت ایک متعّین کردہ غیر ملکی شہری ہیں۔

کینیڈا میں رہ جانا

جب آپ اپنی H&C درخواست کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہوں، تو آپ کو کینیڈا سے نکالا جا سکتا ہے۔

اگر آپ برطرفی سے پہلے کے خطرے کا اندازہ/ پری ریموول رسک اسیسمنٹ (PRRA) کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں تو آپ کینیڈا میں رہنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ کو ایک تاریخ دی گئی ہے تو آپ کا کینیڈا چھوڑنا ضروری ہے، اپنے وکیل سے اپنے اخراج کو ملتوی کرنے یا فیڈرل کورٹ کے سامنے ‎اخراج کو وقتی طور پر روکنے کے بارے میں بات کریں۔

درخواست دینے سے پہلے غور کرنے کی چیزیں

H&C کے لیے درخواست دینا ایک غیر معمولی اقدام ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کینیڈا میں مستقل رہائشی کی حیثیت کے لیے درخواست دینے کا محض کوئی دوسرا طریقہ نہیں ہے۔ آپ واضح طور پر یہ ظاہر کرنے کے ذمہ دار ہیں کہ آپ کو کینیڈا میں مستقل رہائش کی درخواست دینے کے لیے استثنیٰ دیا جانا چاہیے۔

ذہن میں رکھیں کہ IRCC آپ کی H&C درخواست کا فیصلہ کرتے وقت متعدد عوامل پر غور کرتا ہے، بشمول:

  • آپ کینیڈا میں کس حد تک آباد ہیں

آپ کو یہ ظاہر کرنا چاہیے کہ آپ نے کینیڈا میں زندگی بنائی ہے۔ اس میں شامل ہیں: آپ نے کینیڈا میں جتنا وقت گزارا ہے، آپ کی زبان کی مہارت، تعلیم اور ہُنر کو بہتر بنانے کے لیے آپ کی کوششیں، کینیڈا میں رہنے والے خاندان کے افراد سے آپ کے تعلقات، اور کوئی رضاکارانہ، تعلیمی، روزگار اور مالی تعاون۔

  • بچوں پر کوئی اثر

آپ کو یہ ظاہر کرنا چاہیے کہ اگر آپ کو کینیڈا سے نکال دیا جاتا ہے تو آپ کا بچہ (یا بچے) یا وہ بچے جن کی آپ کینیڈا یا بیرون ملک مدد کرتے ہیں، منفی طور پر متاثر ہوں گے۔ اس میں شامل ہیں: بچے کی جذباتی، سماجی، ثقافتی اور جسمانی تندرستی، اور بچے کا کینیڈا میں خاندان کے دیگر افراد سے تعلق۔

  • آپ کے ملک میں مشکلات یا صحت کے خطرات کا امکان۔

آپ کو یہ ظاہر کرنا چاہیے کہ اگر آپ اپنے ملک واپس جائیں گے تو آپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ آپ اہم طبی علاج حاصل نہیں کر سکتے یا آپ کو امتیازی سلوک یا برے سلوک کا سامنا ہے۔ آپ دوسری مشکلات بھی شامل کر سکتے ہیں جو آپ نے پناہ گزینوں کی سماعت میں پیش نہیں کی تھیں۔

اپلائی کرنے کا طریقہ

H&C درخواست اب  PR پورٹل یا مستقل رہائش کے مجاز نمائندہ (PR) پورٹل  کے ذریعے آن لائن دی جانی چاہیے۔ اگر آپ آن لائن درخواست نہیں دے سکتے ہیں، مثال کے طور پر معذوری کی وجہ سے، تو آپ IRCC سے درخواست فارم کاغذ یا کسی دوسرے فارمیٹ میں بھیجنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔

اُن تمام فارمز اور دستاویزات کو جمع کرنے کے لیے اس چیک لسٹ کا استعمال کریں جو آپ کو اپنی درخواست کی حمایت کے لیے مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

آپ کو ایسے ثبوت بھیجنے چاہئیں جو آپ کی درخواست میں کہی گئی بات کی تائید کرتے ہوں۔ مثال کے طور پر، آپ کے پاس اپنے ملک میں درپیش مشکلات یا کسی بچے کے بہترین مفادات سے متعلق دستاویزات ہو سکتی ہیں۔

اگر آپ تمام مطلوبہ فارم اور دستاویزات شامل نہیں کرتے ہیں، تو آپ کی درخواست پر کارروائی نہیں کی جائے گی اور IRCC کے ذریعے آپ کو واپس بھیج دی جائے گی۔

درخواست دینے کے بعد

آپ اپنی درخواست کو اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں جب تک کہ آپ کو کوئی فیصلہ نہیں مل جاتا۔

اگر آپ نے اپنی درخواست کو صحیح طریقے سے مکمل کیا تو آپ کی درخواست پر کارروائی کی جائے گی۔ آپ سے انٹرویو دینے، معلومات کی تصدیق کرنے یا مزید تفصیلات دینے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔

اگر آپ کی درخواست نامکمل تھی، یا آپ نے مناسب ادائیگی نہیں بھیجی، تو اسے ہدایات کے ساتھ واپس بھیج دیا جائے گا۔

آپ کو تحریری طور پر بتایا جائے گا کہ آیا آپ کی درخواست منظور یا مسترد کردی گئی ہے۔ اگر آپ کو منظور کیا جاتا ہے، تو فیصلے میں آپ کے مستقل رہائشی بننے کے اگلے اقدامات کی معلومات شامل کی جائیں گی (جیسے طبی معائنہ اور پس منظر کی جانچ)۔

اپنے وکیل کے ساتھ اگلے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں۔


اگلا گائیڈ سیکشن: 8 اگر آپ کو حراست میں لیا گیا ہے